سیوادار جگناتھ اور ان کی اہلیہ آساونتی کے قتل کی مذمت کرتے ہیں
بین المذاہب رواداری قومی امن کی بنیاد ہے: ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن

لاہور (19جون 2026) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے مردان کے بابو محلہ خواجہ گنج بازار میں واقع گردوارہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سیوادار جگناتھ اور ان کی اہلیہ آساونتی کے المناک قتل پر گہرے دکھ، افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مقتولین کے اہل خانہ، سکھ برادری اور دیگر اقلیتی طبقات سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سوگوار خاندان اور سکھ برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
سہیل احمد رضا نے کہا کہ گردوارہ جیسے مذہبی مقام پر فائرنگ کا واقعہ نہ صرف انسانیت بلکہ بین المذاہب رواداری اور پرامن معاشرتی اقدار پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس اندوہناک واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور معاشرے میں امن و امان کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلا امتیاز مذہبی آزادی، جان و مال کے تحفظ اور اپنے مذہبی شعائر کی ادائیگی کا حق فراہم کرتا ہے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتوں کے جان، مال، عزت اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے۔
سہیل احمد رضا نے زور دیا کہ گردواروں سمیت تمام اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی مزید مؤثر، مضبوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ قومی یکجہتی اور پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن، رواداری، اقلیتوں کے آئینی حقوق اور ان کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی وحدت کا تقاضا ہے کہ تمام شہریوں کو بلا امتیاز مکمل تحفظ اور مساوی حقوق فراہم کیے جائیں۔

تبصرہ