ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے سکھ مذمب کے نانک شاہی کیلنڈر کے 550ویں سال کی ابتداء کے موقع پر گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ مذہب کے نانک شاہی کیلنڈر کے 550ویں سال کی ابتداء اور سکھ مذہب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر سکھ میرج ایکٹ (Punjab Anand Karaj Bill 2017) کی منظوری پر پوری سکھ قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سکھ رہنماؤں میں سردار تارا سنگھ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، سردار گوپال سنگھ چاولہ سکتر، سردار بشن سنگھ، سردار رمیشن سنگھ ایم پی اے، سردار جنم سنگھ ہیڈ گرنتھی و دیگر رہنما موجود تھے۔
سہیل احمد رضا نے سکھ برادری کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے مبارکباد کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھ مذہب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انہیں سکھ میرج ایکٹ 2017 پاس ہونے پر سرزمین پاکستان میں ایک علیحدہ مذہب کی شناخت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے ہندوستان میں سکھ قوم پر آج بھی ہندو میرج ایکٹ کا نفاذ ہوتا ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں سکھ مذہب کو ایک الگ مذہبی تشخص دیا گیا ہے جو کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن اور آئین پاکستان کی روح کے عین مطابق ہے۔ جس کے مطابق پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم پوری دنیا کے سکھوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سکھ مسلم دوستی جغرافیائی لحاظ سے اس خطے میں امن کی ضامن ہے۔ مسلم صوفیاء کرام کی تعلیمات میں بھائی چارے، امن و محبت کا درس ملتا ہے جبکہ سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیوجی نے بھی باہمی امن و محبت کی تعلیمات دیں۔ قیام امن، باہمی رواداری کی ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اس خطہ کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
ہم متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے چیئرمین، سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز اور ریاستی آئینی اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تبصرہ