رائیٹ ریورنڈ بشپ ٹونی رابنسن چیئرمین پاکستان فوکس گروپ آف آرچ بشپ آف کنٹربری چرچ آف انگلینڈ سے پیس سنٹر لاہور میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے ڈاکٹر جیمز چنن کے ہمراہ ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں مسلم مسیحی تعلقات کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دونوں عالمگیر مذاہب کے مابین معاشرتی وسماجی مشترکات کو اجاگر کرنے کے علاوہ مذہبی رواداری کے فروغ اور باہمی مکالمے کے کلچر کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سہیل احمد رضا نے عالمی قیام امن ومحبت کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کی کاوشوں سے مہمانوں کو آ گاہ کیا۔ انہوں نے تہذیبوں کے تصادم کو روکنے اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے علمی، فکری اور تعلیمی سطح پر عملی طور پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کاوشوں کے بارے میں بھی بتایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بشپ ٹونی رابنسن نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی بین الاقوامی سطح پر قیام امن، مختلف مذاہب کے مابین مکالمے کے فروغ، بین المذاہب رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی امن عالم کیلئے کی جانیوالی عملی کوششوں، فلاحی اور تعلیمی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔ مختلف سطحوں پر پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کی حقیقی اور عملی طور پر دنیا کو امن اور محبت کا گہوارہ بنانے اور معاشرے میں طبقاتی تقسیم کے خاتمے کیلئے کوششوں کو سراہتے ہیں۔
ڈاکٹر جیمز چنن ڈائریکٹر پیس سنٹر کیتھولک چرچ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستانی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے اور مذہبی رواداری کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ چند شرپسند عناصر کی وجہ سے ناخوشگوار واقعات رو نما ہوئے ہیں۔ وہ عناصر کسی مذہب سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ وہ انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔
تبصرہ