اسلام کی تعلیمات اور ملکی قوانین میں ایسے حملوں کی کوئی گنجائش نہیں
حملہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
لاہور (7 اگست 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ رحیم یارخان میں مندر پر حملہ افسوسناک ہے۔ اسلام کی تعلیمات اور ملکی قوانین میں ایسے حملوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ حملہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ ایسے حملوں کے ذریعے اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی جاتی ہے۔ حکومت اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی عبادت گاہ میں عبادت کی اجازت دینے والے پیغمبر آخر الزماں حضور نبی اکرم ﷺ کے سچے پیروکار کسی اور مذہب کی عبادت گاہ کے تقدس کو پامال نہیں کر سکتے۔ ملکی قوانین اور اسلام کی تعلیمات میں مذہبی عبادت گاہوں کے تقدس کو پامال کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آباد تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے مطابق برابر کے حقوق میسر ہیں۔ اقلیتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور ذمہ دارانہ سیاسی، سماجی، مذہبی کردار ادا کررہی ہیں۔ چند شرپسند عناصر کو قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن چار دہائیوں سے امن، اعتدال اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لئے رول ماڈل کردار ادا کررہی ہے اور اسلام کی انسانیت کے احترام پر مبنی تعلیمات کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے انٹرفیتھ ریلیشنز کا فورم بھی قائم کر رکھا ہے تاکہ کوئی شرپسند مذہب کا نام استعمال کر کے شرپسندی نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ مذموم مقاصد کیلئے مذہبی یا مسلکی منافرت پھیلانے والوں کے ساتھ ریاست آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے صادق آباد رحیم یار خان میں مندر پر حملہ کے افسوسناک واقعہ پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور صدر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی طرف سے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی صدر پاکستان ہندو کونسل، مسٹر چیلا رام کیولانی چیئرمین نیشنل مینارٹیز کمیشن پاکستان، مسٹر ویر جی کوہلی معاون خصوصی مینارٹیز افیئر صوبہ سندھ، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب مسٹر کانجی رام اور رکن صوبائی اسمبلی کے پی کے مسٹر روی کمار کو ٹیلیفون کر کے اظہار افسوس کیا اور واقعہ کی پرزور مذمت کی۔ سہیل رضا نے کہا کہ مٹھی بھر شر پسند عناصر عبادت گاہوں پر حملے کر کے اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور پاکستان میں بین المذاہب رواداری کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تمام محب وطن پاکستانی مینارٹیز کا احترام کرتے ہیں اور وہ ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی شرپسند کسی مذہبی اقلیت کی عبادت گاہ اور ان کی مذہبی، سماجی اقدار کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جو قانون ہاتھ میں لے گا اُسے اس کی سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مندر پر حملہ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جائے۔ سہیل رضا نے اس واقعہ کے خلاف چیف جسٹس آف پاکستان کے سوموٹو ایکشن کا خیر مقدم کیا۔
تبصرہ