آل پاکستان مینارٹیز کے زیراہتمام انٹرفیتھ دعائیہ تقریب

آل پاکستان مینارٹیز الائنس کے زیراہتمام انٹرفیتھ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے کہا کہ وطن عزیز میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اس کا واضح ثبوت کرسمس کے موقع پر پورے ملک میں منعقد ہونے والی تقریبات ہیں جو کہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر منعقد کی گئیں ہیں، ان تقریبات میں تمام مذاہب بالخصوص اہل اسلام نے حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا۔

سہیل احمد رضا نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، مذہبی رواداری، انتہا پسندی کا خاتمہ اور مثالی معاشرے کا قیام عصر حاضر کی اشد ضرورت ہے، بحیثیت قوم ہمیں اپنی ثقافتی اقدار کو فروغ دینا چاہیے تاکہ نئی نسل کو احترام انسانیت، قومی وحدت اور جذہبی حب الوطنی سے روشناس کروایا جا ئے، انہوں نے کہا کہ دنیا کو محبت، امن اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔

تقریب کی صدارت سابق وفاقی وزیر پال بھٹی نے کی، تقریب میں مختلف مذاہب کے اہم رہنماؤں ڈاکٹر جیمز چنن، وکٹر عزرایا، میڈم نجمی سلیم و دیگر نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پال بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، مذہبی اقلیتوں کو بھی ایک قوم کے فرد کی حیثیت سے اپنے فرائض کو پورا کرنا ہو گا، تقریب کے اختتام پر کرسمس، سال نو کی آمد پر کیک کاٹا گیا، ملک کی سلامتی، سربلندی اور قیام امن کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔

تبصرہ