لاہور: روٹری کلب انٹرنیشنل کے زیراہتمام انٹرفیتھ سیمینار، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز کی شرکت

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بڑی اور مقبول عبادت ہے، پیغمبر انسانیت نبی اکرم ﷺ نے فرمایا ہے کہ تم میں بہترین انسان وہ ہے جو دوسرے انسانوں کیلئے فائدے اور بہتری کا باعث ہو، عالم انسانیت کو پولیو جیسے مہلک مرض سے نجات دلانا روٹری کلب کا بڑا کارنامہ ہے، روٹری کلب کے جملہ عہدیداران اور ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں، جن کی محنت سے پاکستان سے پولیو کے خاتمہ ہوا۔ پولیو جیسے موذی امراض سے بچاؤ کیلئے مذہبی رہنماؤں کا کردار ناگزیر ہے، وہ لوگوں کو آگاہی دیں تاکہ پولیو مہم کو کامیاب بنایا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری کلب انٹرنیشنل کے زیراہتمام لاہور میں انٹرفیتھ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تقریب کے میزبان رضوان احمد، سکھ رہنما سردار بشن سنگھ، ہندو رہنما وجے کمار، روٹری فاؤنڈیشن انٹرنیشنل اور پاکستان پولیو پلس کمیٹی کے چیئرمین عزیز میمن، روٹری انٹرنیشنل کے ڈپٹی گورنر آغا الماس علی خان، نعمان صدیقی کے ساتھ ساتھ دیگر اہم شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی، اس اہم تقریب کے آغاز پر منتظمین نے سہیل احمد رضا کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پوری دنیا میں امن، محبت، بھائی چارے، مذہبی رواداری کیلئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی خدمات کو سراہا۔

سہیل احمد رضا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پولیو کے خاتمے، غربت، افلاس، بیروزگاری اور پسماندگی دور کرنے کیلئے ضروری ہے کہ مستحقین اور نادار افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے، ایسے تمام پروگرامز میں ہر ممکن مدد کی جائے، فلاحی کاموں میں مخیر افراد اپنا کردار ادا کر کے دنیا اور آخرت کو سنوار سکتے ہیں کیونکہ انسانیت کی فلاح کیلئے کیے گئے کام کبھی ضائع نہیں جاتے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 30 سال قبل فلاحی اور سماجی بہبود کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تھی جس کے قیام کا مقصد انسانوں کے دلوں میں جذبہ ہمدردی کو فروغ دینا تھا، باہمی محبت اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنا تھا، اس عظیم مقصد کیلئے تحریک منہاج القرآن، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شب و روز بلاامتیاز و رنگ و نسل، جنس و مذہب پاکستان سمیت دنیا بھر میں خدمت انسانیت کیلئے مصروف عمل ہے، انہوں نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم عوام کی بڑی تعداد کو بھوک، افلاس، غربت، جہالت اور بیروزگاری کا سامنا ہے، ان مشکل حالات میں ضروری ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوششوں میں تیزی لائی جائے، مبارکباد کے مستحق ہیں وہ افراد اور وہ ادارے جنہوں نے خود کو انسانیت کی خدمت کے مشن کیلئے وقف کررکھا ہے۔

تبصرہ