وفاقی وزارت انسانی حقوق حکومت پاکستان اور یونیورسل انٹرفیتھ پیس مشن کے زیراہتمام سیمینار بعنوان ’’اسلام میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق‘‘ مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، سیمینار کی صدارت وفاقی نگران وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر روشن باروچہ نے کی، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا، ڈاکٹر جی آر چشتی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، ڈاکٹر ممتاز تارڑ، ڈاکٹر منوہر چاند، سیمینار میں بطور مہمانان خصوصی شریک ہوئے، سیمینار میں مسلم، ہندو، سکھ اور مسیحی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور خالق کائنات نے انسانیت کی عظمت اور وقار کو فوقیت دی، فرمان الٰہی ہے کہ ’’بے شک ہم نے انسانیت کو عزت و تکریم بخشی، پیغمبر انسانیت ﷺنے اپنے افعال و کردار سے انسانی عظمت کو اجاگر کیا، معاشرے کے تمام کمزور طبقات کو مضبوط کرنے کا حکم دیتے ہوئے مسلم معاشرے میں غیر مسلم اقلیتوں کے حقوق کی ادائیگی کو فرض اولین قرار دیا۔
سہیل احمد رضا نے کہا کہ ہمیں اپنی معاشرتی زندگی کی اصلاح کرنے کیلئے اپنے رویوں کو تبدیل کرنا ہو گا، آئین پاکستان میں دئیے گئے اقلیتوں کے حقوق کو عملی طور پر ادا کرنا ہو گا، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے فکری، عملی اور نظریاتی محاذ پر جدوجہد کررہے ہیں، ایک مہذب اور پرامن معاشرے کی تشکیل میں نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ میں کیے گئے عملی اقدامات روشن مثالیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات امن عالم کیلئے ناگزیر ہیں، سرزمین پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو میانہ روی، صبر، برداشت اور باہمی رواداری پر مبنی معاشرہ بنانے کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا۔
سہیل احمد رضا نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور منہاج القرآن کی عالمی امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے قیام کیلئے کی گئی کوششوں اور فروغ امن نصاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور متوازن سوسائٹی کی تشکیل قرآن اور ایمان کا تقاضا ہے۔ اسلام بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کی تعلیمات سے عبارت ہے۔
تقریب کے اختتام پر سہیل احمد رضا نے مہمان خصوصی وفاقی وزیر ڈاکٹر روشن باروچہ کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معرکہ آراء کتاب ’’اسلام میں انسانی حقوق‘‘ بھی دی۔
تبصرہ