سویڈن کی خاتون مسیحی رہنما آرچ بشپ ریورنڈ آنتیجے جیکولن نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا سے سینٹ پیٹرز ہال میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم مسیحی تعلقات کے باہمی فروغ، مذہبی رواداری، معاشرتی ہم آہنگی اور عالمی امن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سہیل احمد رضا نے مسیحی رہنما کو بتایا کہ آئین پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کے بنیادی سماجی، معاشی، سیاسی اور آئینی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ بعض اوقات مغربی میڈیا اس حوالے سے منفی پراپیگنڈہ بھی کرتا رہتا ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں کیونکہ حقیقت ان معاملات سے مختلف ہوتی ہے۔ ہم بحیثیت مسلمان اپنے غیر مسلم پاکستانی شہریوں کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے ہمہ وقت جدوجہد کرتے رہتے ہیں جو کہ ہماراقومی آئینی اور مذہبی فریضہ ہے۔ اسلام دین امن و محبت، باہمی مشاورت اور اخوت کا علمبردار ہے، اسلام نے انسانیت کو اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطا کیے۔
ہم تمام پاکستانی جن میں مسلم اکثریت اور بلا تفریق تمام مذاہب کے پیروکار متحد ہو کر دہشتگردی، انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ آرچ بشپ سویڈن نے پاکستان میں اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالہ سے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے علمی اور فکری خدمات اور انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کی پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب انسانیت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے آرچ بشپ ریورنڈ آنتیجے جیکولن کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دہشت گردی کے خلاف فتوی کی کتاب پیش کی۔ ملاقات میں منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی، اسلام آباد کی صدر ناہیدہ راجپوت اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔
تبصرہ