اہم خبریں

پاپائے روم کی طرف سے ڈاکٹر طاہرالقادری کیلئے خیر سگالی کا خط

مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے مسیحی رہنما فادر فرانسس ندیم کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے شہر اعتکاف میں ملاقات کی اور پاپائے روم کی طرف سے عید کے حوالے سے خیر سگالی پر مبنی خصوصی خط پہنچایا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وفد میں سکھ مذہب کے رہنما پروفیسر سردار کلیان سنگھ، فادر عنایت برناڈ، ریورنڈ سیموئیل نواب، سوامی سروا بھوما اور پنڈت بھگت لال شامل تھے۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران تمام مذاہب کے نمائندوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو اعتکاف اور عید کی مبارکباد دی اور پھول بھی پیش کیے۔

مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے عالمی بھائی چارہ کے فروغ کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کے قومی و بین الاقوامی کردار کو سراہا۔ مسیحی رہنماؤں نے کہا کہ آج اہل اسلام اور مسیحیت کے مابین مذہبی یگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاپائے روم کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کا خیر مقدم کیا اور بین المذاہب مکالمہ کووقت کا ناگزیر تقاضا قرار دیا۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے تمام مذاہب کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے تمام مذہبی قائدین کا کردار قابل تحسین ہے۔

تبصرہ