سردار سورن سنگھ کا قتل قابل مذمت ہے، منہاج القرآن کے رہنما کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب

خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار سورن سنگھ کی یاد میں سکھ برادری کی جانب سے پشاور کے تاریخی گردوارہ بھائی جوگا سنگھ میں تعزیتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا سمیت اہم سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس میں سکھ برادری کے جملہ رہنماؤں سردار تارا سنگھ چیئرمین پربندھک کمیٹی، سردار صاحب سنگھ، سردار چرن سنگھ، سردار بشن سنگھ، سردار ریویندر سنگھ اور بالخصوص ڈاکٹر سردار سورن سنگھ کے بیٹے سردار اجے سنگھ کے علاہو متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے چیئرمین اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے تمام پاکستانی سکھ برادری اور بالخصوص سردار سورن سنگھ کے بیٹے سے انکے والد کے اندوہناک قتل پراظہار افسوس کرتے ہوئے بھر پوز مذمت کی اور قاتلوں کی جلد گرفتاری اور انکو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک اور انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن دکھ اور غم کی اس گھڑی میں تمام سکھ برادری کے ساتھ شریک ہیں، ڈاکٹر سورن سنگھ کی پوری زندگی بین المذاہب روادری کے فروغ اور انسانیت کی خدمت میں گزری، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سردار سورن سنگھ ایک عظیم، نڈر اور محب وطن پاکستانی تھے۔ ان کی شخصیت جذبہ حب الوطنی سے سر شار تھی، وہ وطن عزیز کے حالات پر افسردہ اور فکر مند تھے، ان کے قتل سے پاکستان ایک سیاسی رہنماء اور سکھ برادری ایک سپوت سے محروم ہو گئی ہے۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ سردار سورن سنگھ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور انکی عظیم قومی، ملی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکھ رہنماؤں اور خاص طور پر سردار سورن سنگھ کے بیٹے اجے سنگھ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سکھ برادری ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت کو انتہائی عزت اور تکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے پاسبان ہیں ہم انکی قیادت پر فخر کرتے ہیں۔

تبصرہ