ایتھنز (قاری مدثر مصطفیٰ) منہاج القرآن اسلامک سنٹر ریندی ایتھنز میں منہاج پیس اینڈ انٹیگریشن یونان کے زیراہتمام 20 دسمبر کو اتوار کے روز سالانہ کرسمس سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج یوتھ لیگ یونان کے سابق ناظم شامیر امجد، اسلامک فورم گریس کے نائب صدر چوہدری عمران اللہ، منہاج پیس اینڈ انٹیگریشن یونان کے صدر مرزا امجد جان، منہاج القرآن یونان کے صدر رانا محمد وقار خان، ناظم غلام مرتضیٰ قادری، منہاج القرآن کروپی کے صدر محمد منیر احمد قادری، منہاج القرآن کروپی سینٹر کے امام و خطیب حافظ شاہد محمود قادری، کیپٹن گل، یونانی مہمانوں علی یورگیوآوی اور علی یورگیو کوستادینوس سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل، منہاج یوتھ لیگ، پاکستان عوامی تحریک کے ذمہ داران و کارکنان اور مقامی کمیونٹی نے شرکت کی۔
سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے حاصل کی، جبکہ رنگ الحسن شاہ نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ سیمینار میں شرکاء سے اظہار خیال کرنے والوں میں شامیر امجد، عمران اللہ، مرزا امجد جان، رانا محمد وقار خاں، غلام مرتضیٰ قادری، علی یورگیوآوی اور علی یورگیو کوستادینوس شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام مذہبی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے اور دور حاضر کی ضرورت ہے کہ مسلم اور مسیحی برادری مل کر بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے مشترکہ جدوجہد کرے۔ اس سلسلے میں تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مسیحی برادری کے اشتراک عمل سے دنیا کو اپنے معاملات ڈائیلاگ کے ذریعے طے کرنے کی 25 برس سے دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایسی تقریبات کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیکر سفاکیت کے ایجنڈے کو مسترد کیا جاسکتا ہے۔
سمینار میں پاکستانی بچوں نے یونانی زبان میں ملی نغمہ پیش کیا، جسے مشہود امجد، عشرا امجد، صباحت محمود، راجہ حسیب محمود، تعظیم اور محمد سمیر نے پرفارم کیا۔ سمینار کے اختتام پر یورو ایشیا ٹریڈنگ کمپنی اور منہاج پیس اینڈ انٹیگریشن یونان کے تعاون سے مہمانوں اور شرکاء کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔
تبصرہ