21 ستمبر یو این او کے زیراہتمام پوری دنیا میں انٹرنینشنل ڈے آف پیس منایا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں پیس سنٹر لاہور میں یو آر آئی انٹرنیشنل کے زیراہتمام ڈاکٹر چیمز چنن ڈائریکٹر پیس سنٹر نے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر آرچ بشپ آف لاہور آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور و حقوق انسانی خلیل طاہر سندھو کے علاوہ ڈاکٹر مرقس فدا، جاوید ولیم، سبینہ رفعت، یوئیل بھٹی اور ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا کو بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات انجام دینے پر آرچ بشپ آف لاہور سبسٹین فرانسس شاء نے پیس ایوارڈ 2015دیا۔
آرچ بشپ سبسٹین شاء جو کہ پاپائے اعظم کی کونسل برائے بین المذاہب مکالمہ ویٹی کن سٹی کے پاکستان میں سربراہ بھی ہیں، انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی قومی و عالمی سطح پر دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں غیر معمولی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سہیل احمد رضا کو کیتھولک چرچ آف پاکستان کے سربراہ کی حیثیت سے پیس ایوارڈ 2015 سے نوازا۔ اپنے خطاب میں آرچ سبسٹین فرانسس نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنینشل کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیام امن اور اتحاد و یگانگت کیلئے تاریخی خدمات ہیں۔ انسانی حقوق، تعلیم کے فروغ اور انتہا پسندی کے خلاف شعور کی بیداری و عملی رہنمائی دینے پر ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات کو سراہتے ہیں۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ آرچ بشپ اور پیس سنٹر لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فادر جیمز چنن کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کو اس اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر طاہر القادری کی رہنمائی میں مذاہب عالم کے درمیان مکالمے کے کلچر کے فروغ اور احترام مذاہب اور اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے تا کہ دنیا کو ہر طرح کے تعصبات سے پاک کر کے امن کا گہوارا بنایا جا سکے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں، مختلف مذاہب کے رہنماؤں، سیاسی قائدین، منہاج القرآن اور عوامی تحریک کی مرکزی قیادت نے سہیل رضا اس اہم ایوارڈ کے ملنے پر خصوصی مبارکباد دی۔
تبصرہ