لاہور: منہاج القرآن کے وفد کی سانحہ یوحنا آباد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت، دعائیہ تقریب میں شرکت

لاہور: رائیونڈ ڈائسز کیتھڈرل چرچ آف پاکستان وارث روڈ پر سانحہ کرائسٹ چرچ یوحنا آباد کے لیے دعائیہ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد نے شرکت کی۔ چرچ کے پاسٹر انچارج ریورنڈ عمانویل کھوکھر نے استقبال کیا۔ اس موقع پر رائیونڈ ڈائسز چرچ آف پاکستان کے بشپ رابرٹ سموئیل عزرایا نے یو ایس اے سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ملک میں دہشت گردی و انتہا پسندی کے حالیہ واقعات کو حکومت وقت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔

کی دعائیہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جانب سے اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ یوحنا آباد ایک قومی سانحہ ہے، یہ حملہ مسیحی برادری پر نہیں بلکہ پاکستان پر حملہ ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور موجودہ حکومت کو اس واقعہ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے مسیحی راہنماؤں کو اس سانحہ سے متاثرین کے لیے منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کی طرف سے مکمل تعاون اور ممکنہ حد تک مدد کے لیے اور آئندہ لائحہ عمل میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر بشپ آف گلف، بشپ آزاد مارشل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر سانحہ میں فوت ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا اور مرحومین کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

تبصرہ