بین المذاہب رواداری کیلئے ساری عیسائی برادری مسلمانوں کے ساتھ
احتجاج میں برابر کی شریک ہے
توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے شر پسندوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سارے مذاہب کو مل کر
کام کرنا ہو گا
شر پسندوں کو فوری سزا ملنی چاہیے تا کہ انسانیت کو ایسے قبیح فعل کو سننے، دیکھنے
کا دوبارہ موقع نہ مل سکے
مقدس شخصیات کا احترام انسانیت پر واجب ہے، گستاخی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی
چاہیے
پاکستان مسیحا پارٹی کے چیئرمین کی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، جی ایم ملک اور سہیل رضا
سے ملاقات
لاہور (19 جنوری 2015) پاکستان قومی مسیحا پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے پیغمبر امن نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کے خلاف گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر اظہار مذمت کیا۔ مسیحی رہنماؤں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر آ کر امت مسلمہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ مسیحی رہنماؤں میں مسیحا پارٹی کے چیئرمین حنیف مسیح، پاسٹر ذکریا ولسن، پاسٹر سیموئیل چراغ، پاسٹر شیراز جوزف مسیح، یوسف منظور مسیح و دیگر شامل تھے۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے مسیحی رہنماؤں کی آمد پر ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مسلم مسیحی دوستانہ تعلقات میں خوشگوار پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے مسیحی قوم کے روحانی پیشوا پاپائے روم پوپ فرانسس کے بیان کا بھی خیر مقدم کیا۔ مسیحی وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے بھی ملاقات کی۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے پوری امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، یو این او اور او آئی سی کو اس مذموم جسارت کا فوری نوٹس لے کر کارروائی کرنا چاہیے تاکہ انسانیت کو ایسے قبیح فعل کو سننے، دیکھنے کا دوبارہ موقع نہ مل سکے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ انبیاء کرام، الہامی کتب اور مقدس شخصیات کا احترام بین الاقوامی قوانین کا حصہ ہے۔ تمام آسمانی کتابوں کا احترام انسانیت پر واجب ہے، اس لئے گستاخی کرنے والوں کو اس مذموم عمل کی قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے جذبات مشتعل ہوتے ہیں اور دنیا میں انتہا پسندی، دہشت گردی کے فروغ کا سبب بنتے ہیں، امن کے یک نکاتی ایجنڈے پر بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب کے کام کرنا ہو گا اور اسکا آغاز ڈاکٹر طاہرالقادری نے بہت سال قبل کر دیا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ویژن آج پوری دنیا میں نہ صرف امن و سلامتی کا معتبر ترین حوالہ ہے بلکہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کی حکمت عملی دے کر انہوں نے بہت بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔
مسیحا پارٹی کے چیئرمین حنیف مسیح نے کہا کہ توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے پوری انسانیت کے مجرم ہیں اور ان شرپسندوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سارے مذاہب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ بین المذاہب رواداری کیلئے ساری عیسائی برادری مسلمانوں کے ساتھ احتجاج میں برابر کی شریک ہے۔
قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کا دل زخمی کرنے والے قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے دنیا میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ