بین المذاہب استحکام پاکستان کنونشن

نولکھا پریسبیٹیرین چرچ لاہور کے زیراہتمام بین المذاہب استحکامِ پاکستان کنونشن منعقد ہوا، جس میں مختلف مذاہب کے راہنماؤں کے علاوہ سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے میزبان ریونڈ ڈاکٹر مجید ایبل پاسٹر انچارج پریسبٹیرین چرچ کی خصوصی دعوت پر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ دیگر شخصیات میں صوبائی وزیرِ خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو ایڈووکیٹ، سابق صوبائی وزیر جمشید رحمت اللہ۔ معروف صحافی عطاء الرحمان، ہندو راہنماء منوہر چاند، ایف سی کالج یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر کنول فیروز اور معروف اینکر مبشر لقمان شامل تھے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی بشپ آف لاہور کیتھیڈرل چرچ محترم بشپ عرفان جمیل تھے۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے ملی نغمے پیش کیے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ نے اپنے اظہارِ خیال میں پاکستان میں مسیحی برادری کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں وطنِ عزیز کی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کے لیے تمام مذاہب اور مسالک کو متحد ہو کر ایک قوم بن کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملک دشمن اقلیت کو محبِ وطن اکثریت شکست دے سکتی ہے۔

تبصرہ