انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے وفد کے ہمراہ ہندو دھرم شالا لاڑکانہ کا وزٹ کیا۔ دھرم شالا پہنچنے پر ہندو پنچائیت کونسل لاڑکانہ کی چیئرپرسن محترمہ کلپنا دیوی ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین ڈاکٹر دھرم پال، جنرل سیکرٹری پروفیسر وجے کمار، جوائنٹ سیکرٹری پردیپ کمار، سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر سدھام چند، انچارج دھرم شالا کمیٹی راجندر کمار کند نانی، الیکشن کمشنر ہندو پنجائت لاڑکانہ ڈاکٹر لکھمی چند اور پنچائیت کے دیگر ممبران نے وفد کا بھرپور استقبال کیا۔ انٹرفیتھ ریلیشنز کے وفد میں سید امجد علی شاہ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، تنویر ہمایوں اور قیصر اقبال شامل تھے۔ ہندوؤں کے مقدس مقام دھرم شالا کو ہولی تہوار کے موقع پر شر پسند عناصر نے نذر آتش کر دیا تھا۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز نے دھرم شالا سانحہ کو نقصان پہنچانے پر اس المناک واقعہ کی بھرپور مذمت کی اور اسے غیر انسانی اور ملک دشمن سازشوں کا حصہ قرار دیا۔ ہندو پنچائیت نے وفد کو دھرم شالا کے متاثرہ حصوں اور واقعہ کی ممکن تفصیل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے ہندو پنچائیت کونسل دھرم شالا کے جملہ ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اس غیر انسانی سانحہ کے رونما ہونے پر انتہائی رنج کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گرد اور انتہا پسند عناصر اس طرح کی شرمناک کاروائیوں میں ملوث ہیں جن کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ ہی پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔ آج ملک جن حالات سے دوچار ہے، ہمیں متحد ہو کر ان چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں بحیثیت پاکستانی قوم باہمی اتحاد و یگانگت کے ساتھ ساتھ بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان تمام مذہبی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، ہم وطن عزیز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفط کریں گے۔ وطن عزیز کو سبز انقلاب کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے تمام محب وطن پاکستانیوں خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں انہیں اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ یہ موجودہ کرپٹ اور ظالمانہ سیاسی و انتخابی نظام سے قوم کو نجات مل سکے اور مذہبی اقلیتوں کے سیاسی اور سماجی حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ آخر میں وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے اجتماعی دعائیہ تقریب کی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب ’’اسلام میں انسانی حقوق‘‘ اور اسلام میں اقلیتوں کے حقوق‘‘ معزز چیئرپرسن کلپنا دیوی ایڈووکیٹ کو تحفہ میں دیں۔
تبصرہ