مؤرخہ31 دسمبر 2013ء انٹرفیتھ ہیپی نیو ایئر 2014ء اور کرسمس کے حوالہ سے ایک خوبصورت تقریب URI پاکستان اور پیس سنٹر لاہور کے زیر اہتمام پی سی ہوٹل لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے میزبان ڈاکٹر جیمز چنن، یوئیل بھٹی، ثبینہ رفعت کی خصوصی دعوت پر ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹر نیشنل سہیل احمد رضا اور صدر پیس اینڈ اینٹی گریشن اٹلی محمد اشرف کھوکھر نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی آرچ بشپ لاہور، کیتھولک چرچ آرچ بشپ رابرٹ سبسطین شا تھے۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر مرقس فدا، فادر فرانسس ندیم، سردار جنم سنگھ، پنڈت بھگت لال، علامہ عبد الخبیرآزاد، علامہ شفاعت رسول، صوبائی وزیر اقلیتی امور طاہر خلیل سندھو، پاسٹر انور فضل، پاسٹر شاہد معراج، مفتی عاشق حسین اور ڈاکٹر کنول فیروز شامل تھے۔ نئے سال کی خوشی اور کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرفیتھ سہیل احمد رضا نے تمام مسیحی برادری اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور وطن عزیز میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آج شیخ الاسلام دنیا بھر میں مذاہب عالم کے مابین ثقافتی اور مذہبی رواداری کو فروغ دے کر امن و محبت کی فضا قائم کر رہے ہیں۔ ہم وطن عزیز میں تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے اور انشاء اللہ آنے والا نیا سال ملک پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانے، تعمیر وترقی اور امن وسلامتی کا سال ہو گا۔ تقریب کے آخر میں تمام مہمانوں نے کرسمس اور نئے سال کی خوشی میں کیک کاٹا اور ملک کی سلامتی وترقی کے لئے اجتماعی دعا کی۔
تبصرہ