لاہور ۔۔۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کی سربراہی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے وفد نے بشپ آف لاہور رائیٹ ریورنڈ بشپ عرفان جمیل سے کیتھڈرل چرچ آف پاکستان مال روڈ میں ملاقات کی۔
منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے وفد میں سہیل احمد رضا کے ہمراہ سیّد الطاف حسین شاہ (نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹر نیشنل)، ثناء اللہ خان (کوآرڈینیٹر انٹرفیتھ ریلیشنز و ناظم منہاج القرآن ویلفئیر فاؤنڈیشن لاہور) اور فرحان احمد (نائب ناظم منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور) تھے۔
سہیل احمد رضا نے بریفنگ کے دوران قومی اور بین الاقوامی سطح پر قیام امن کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کا تمام تر خطرات کے باوجود عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف فتویٰ جاری کرنا قیامِ امن کے لئے عملی جدوجہد کا حصہ ہے۔ اس موقع پر ویمبلے ارینا لندن میں ہونے والی عالمی امن برائے انسانیت کانفرنس کا شارٹ کلپ پروجیکٹر پر دکھایا گیا۔
بشپ آف لاہور عرفان جمیل نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بین المذاہب مکالمہ کے فروغ اور کامیابی کے لئے برداشت اور دوسرے مذاہب کے وجود کو دل سے تسلیم کرنا بہت ضروری ہے، ہمیں تعلیمی نصاب میں یہ بات اجاگر کر کے نئی نسل تک پہنچانی چاہیے اور اس جذبہ کو پروان چڑھانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلام کے پیغام امن و محبت اور رواداری کو بڑی خوبصورتی اور مؤثر دلائل کے ساتھ بیان کرتے ہیں، انکی گفتگو مذاہب کے مابین خلیج کو کم کرنے اور ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انکا نظریہ برداشت عالم انسانیت کو امن کا گہوارہ بنانے کے حوالے سے قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمسائے سے محبت ہر مذہب کی بنیادی تعلیم ہے۔ پاکستان میں مسیحی راہنماؤں کی قومی خدمات کو تسلیم کیا جانا چاہیئے۔
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا اور سیّد الطاف حسین شاہ نے بشپ آف لاہور کو دہشت گردی کے خلاف شیخ الاسلام کے تاریخی فتویٰ کی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر ریورنڈ قیصر ندیم جوزف بشپ چیپلر، پادری شاہد معراج ڈین آف کیتھڈرل چرچ بھی موجود تھے۔
بشپ آف لاہور نے عالمی سطح پر قیامِ امن اور انسانی اقدار کے فروغ کے لئے کی جانے والی کاوشوں اور آئندہ سال ممبئی میں ہونے والی بین المذاہب کانفرنس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تبصرہ