اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پیس سٹڈیز PIPS کے زیر اہتمام ریجنسی ہوٹل اسلام پاکستان میں بین المذاہب رواداری کے فروغ کے تناظر امکانات اور اقدامات کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس کے کوآرڈینیٹر مجتبیٰ راٹھور تھے۔
اس سیمینار میں ملک کی نامور شخصیات، دانشور اور تمام مذاہب کے سرکردہ راہنماؤں کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی۔ انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کو بھی مدعو کیا گیا۔ جبکہ دیگر مقررین میں چرچ آف پاکستان کے ممتاز مسیحی راہنما بشپ عرفان جمیل بشپ آف لاہور، ہندو راہنما پاکستان ہندو کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر رمیش کمار، ایم این اے، سکھ راہنما سردار شام سنگھ، صدر پاکستان سنگھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، سردار پرمجیت سنگھ، پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، وی سی پشاور یونیورسٹی، علامہ زبیر احمد ظہیر اور دیگر شامل تھے۔
سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے منتظمین کا سیمینار کے انعقاد پر شکریہ ادا کرنے کے بعد بین الاقوامی سطح پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی بین المذاہب رواداری، قیام امن اور انسانی اقدار کے احیاء پر کی جانے والی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین المذاہب رواداری کے لئے عملی طور پر خلوص نیت کے ساتھ معاشرتی اور ثقافتی سطح پر مشترکہ اقدار کو نمایاں کرنے اور عوام کو اس سے آگہی دینے کی ضررورت ہے۔ تعلیمی نصاب میں اس کو مناسب انداز میں جگہ دینے کے ساتھ نوجوان نسل کو قیام امن اور انسانی حقوق کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔
تبصرہ