لاہور: شری کرشنا مندر اور بالمک سوامی مندر ہولی تہوار میں ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز، منہاج القرآن کی شرکت

لاہور: 27 مارچ 2013 بروز بدھ شری کرشنا مندر اور بالمک مندر میں ہندوؤں کے مذہبی اور ثقافتی تہوار ہولی میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے شرکت کی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے زیرِ اہتمام ہندوؤں کا مذہبی تہوار (ہولی) شری کرشنا مندر اگر وال آشرم میں منایا گیا۔ اس تہوار میں لاہور اور اس کے گردو نواح میں بسنے والے ہندو خاندانوں نے بھرپور شرکت کی۔  اور رنگوں کے اس تہوار کو اپنے مذہبی عقائد کی روشنی میں جوش و خروش سے منایا۔ اس تقریب میں تمام مذاہب کی نمائندہ شخصیات کو چیئرمین پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر منوہر چند اور سنیتا ملہوترا نے خصوصی طور پر دعوت دی جن میں ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز، منہاج القرآن سہیل احمد رضا، صدر پاکستان سکھ گردوارا پربندھک کمیٹی سردار شام سنگھ، چیئرمین بیپٹیسٹ چرچ آف پاکستان ریورنڈ چمن سردار، ڈاکٹر راجندر کمار کے علاوہ متروک وقفِ املاک بورڈ کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے وطن عزیز میں بسے والی تمام ہندو برادری کو ان کے مذہبی تہوار کی انٹرفیتھ ریلیشنز اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام غیر مسلموں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ان کے جان، مال اور مذہبی و مقدس جگہوں کی حفاظت کرنا ہمارا قومی اور مذہبی فریضہ ہے۔ اور اس سلسلہ میں انٹرفیتھ ریلیشنز، منہاج القرآن اپنے قائد شیخ الاسلام کی قیادت میں ملک کی تمام غیر مسلم برادری کے قانونی و آئینی اور معاشرتی حقوق کے تحفظ کے لیے مصروف عمل ہے۔

تقریب کے میزبان ڈاکٹر منوہر چند نے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز کو پھولوں کا ہار اور خصوصی تحفہ (سروپا) چادر پہنائی۔ تقریب میں تمام معزز مہمانون نے ہولی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔

تبصرہ