منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت متاثرین سانحہ بادامی باغ میں ادویات و کھانے کی تقسیم

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے احکامات پر فوری طور پر متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ لگا دئیے گئے
منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت متاثرین میں کھانا اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں

لاہور (11 مارچ) منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت جوزف کالونی بادامی باغ لاہور میں سانحہ بادامی باغ کے متاثرین کیلئے فوڈ / میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن، تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے متاثرین میں کھانا، ادویات اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء بھی تقسیم کیں۔

اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ جمیل اجمل نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے احکامات پر فوری طور پر متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ لگا دئیے ہیں۔ جہاں 24 گھنٹے تجربہ کار ڈاکٹرز اور رضاکار متاثرین کے علاج کیلئے موجود ہونگے۔ جوزف کالونی کے مکینوں کو تینوں وقت کا کھانا بھی MWF کے تحت ان کے گھروں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ راجہ جمیل اجمل نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن پاکستان سمیت پوری دنیا میں بلا امتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب خدمت خلق میں مصروف عمل ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے  کیمپ کے وزٹ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن، سلامتی و محبت کا دین ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلامی ریاست میں رہنے والے غیر مسلموں کے جان و مال کے مکمل تحفظ کی ضمانت دی ہے۔ سانحہ بادامی باغ میں ملوث شرپسند عناصر کا دین کی اصل روح اور پاکستانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت کی طرف سے متاثرین کیلئے اعلان شدہ امدادی چیک 16مارچ سے پہلے کیش ہونے چاہیے۔ جلے ہوئے گھروں پر سیاست چمکانا غیر انسانی فعل ہے ہر کسی کو مشکل کی اس گھڑی میں مسیحی بھائیوں کی مدد کرنا چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر اور مسیحی رہنماء جے سالک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک اسلام کے حوالے سے پائی جانیوالی غلط فہمیوں کے ازالے اور اسلام کے تصور امن کو اجاگر کرنے میں اہم کرادار ادا کر رہی ہیں۔ عیسائی برادری اور دیگر مذاہب ڈاکٹر طاہر القادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے کہا کہ دنیا کے 90 سے زیادہ ممالک میں موجود تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اس دلخراش سانحہ پر سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اور امداد کریں گے۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے کہا کہ سانحہ بادامی باغ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے یہ سانحہ 18 کروڑ پاکستانیوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول اور استحکام میں غیر مسلموں کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا مسلمانوں کا۔ انہوں نے حکومت سے متاثرین کے مکانوں کی جلد تعمیر کا مطالبہ کیا۔

تبصرہ