لاہور : واہگہ ریلوے اسٹیشن پر بھارتی سکھ یاتریوں کا استقبال

بابا گرو نانک دیو جی کے 544 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے چار ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ مورخہ 25 نومبر 2012ء کو تین ہزار بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے بذریعہ خصوصی ٹرین واہگہ ریلوے سٹیشن پہنچے۔ جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے ممبر سہیل احمد رضا، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سید زاہد بخاری، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس، اظہر نذیر سلہری، پاکستان سکھ گورد وارہ ہربندھک کمیٹی کے صدر سردار شام سنگھ، سردار بشن سنگھ، ڈاکٹر سردار سورن سنگھ، پاکستان رینجرز پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اعلٰی افسران نے ان کا استقبال کیا۔

بھارتی سکھ یاتریوں کے گروپ لیڈر ڈاکٹر سردار جنگ بہادر سنگھ رائے، ڈپٹی لیڈر جسپال سنگھ، سردار گلزار سنگھ براڑ، سردار رجندر پال سنگھ، سرندر کور اور پرمجیب کور جب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچے تو ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے پرتپاک استقبال کرتے ہوئے معزز مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کی جانب سے لاہور گوردوارہ آنے پر خوش آّمدید کہا۔ اس موقع پر بھارتی مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان آ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے اور یوں لگ رہا ہے کہ ہم اپنے ہی گھر آئے ہیں اور ہم تمام پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے انتہائی محبت سے ہمارا استقبال کیا، ہماری دعا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان محبت اور دوستی کی فضا قائم ہو۔

تبصرہ