لاہور میں Dominican community of Peace Center اور United Religions Initiative کے زیراہتمام 22 مئی 2011ء کو بین المذاہب ہم آہنگی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ جاپان کی World Peace Prayer Society کی زیرنگرانی منعقد پروگرام پیس سنٹر لاہور میں ہوا۔ تقریب میں مسلم رہنماؤں اور عیسائی مذہبی پیشواوں کے علاوہ نوجوانوں، خواتین، سماجی کارکن، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان، مختلف این جی اوز کے شرکاء اور مختلف سکولوں کے 60 بچوں نے شرکت کی، جو مسلم، ہندو اور عیسائی برادری سے تعلق رکھتے تھے۔
بشارات ابن مریم سکول اور اے بی سی سکول کے علاوہ دیگر سکولوں کے بچوں نے تقریب میں ٹیبلوز پیش کیے۔ جن میں قیام امن پر مشتمل انسانی ہمدردی اور معاشرتی ہم آہنگی کو موضوع بنایا گیا۔ اس حوالے سے بچوں نے ترانے، گیت اور رقص بھی پیش کیے۔ بچوں کے گیتوں اور رقص میں عالمی قیام امن کا درس شامل تھا۔
پاکستان میں United Religions Initiative کے ریجنل کوآرڈینٹر Fr James Channan نے تقریب میں اظہار خیال بھی کیا۔ انہوں نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور انہیں تقریب کی غرض و غایت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور قیام امن کے لیے عالمی دن کے حوالے سے کہا کہ بدقسمتی سے آج پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک دہشت گردی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کبھی کبھی جنگی حالات کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔ ایسے میں ہماری ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ ہم ملک پاکستان میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر دیں۔
انہوں نے تقریب کے شرکاء کو جاپان میں The Symphony of Peace Prayers - SOPP کے حوالے سے بھی تعارف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ بادشاہی مسجد لاہور کے امام مولنا عبدالکبیر آزاد جاپان میں دو مرتبہ SOPP کے پروگراموں میں شرکت کر چکے ہیں۔ اس ایونٹ میں مختلف مذاہب کے 10 ہزار لوگ شریک تھے۔ آج ہم پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں کے لیے دعائے امن کریں گے، جو امن کے متلاشی ہیں۔ تقریب میں انہوں نے World Peace Prayer Society کی Chairperson مسز Masami Saionji کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا، جو دعائے امن کے حوالے سے تھا۔ پیغام میں انہوں نے پاکستانیوں کی قیام امن کے لیے کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ساری دنیا میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بے حد خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ آج ہمیں اس مقصد کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ پاکستانی عوام نے 11 مارچ کو جاپان میں آنے والے زلزلہ میں اپنے جاپانی بھائیوں کا بھرپور ساتھ دیا، جس پر وہ پاکستانی قوم کی شکر گزار بھی ہیں۔ تقریب میں مسز Masami Saionji کے پیغام کو اردو ترجمہ میں بھی پیش کیا گیا۔
پاکستان میں URI کی وویمن کوآرڈینٹر مسز زارا پرویز، مسز نسیم صادق اور سابینہ رفعت نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے عالمی قیام امن کے حوالے سے خصوصی نظمیں بھی پیش کیں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل انٹرفیتھ اینڈ ریلیشنز کے ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ غلام فرید نے بھی پروگرام میں خطاب کیا۔ انہوں نے اس تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قیام امن، باہمی یگانگت اور رواداری کے فروغ کے لیے ایسی تقاریب تسلسل سے منعقد ہونی چاہیے۔ حافظ غلام فرید نے بتایا کہ اسلام کے معنی "امن" ہیں۔ ہر مسلمان دن میں پانچ وقت کی فرض نماز ادا کرتا ہے جن میں "سلام" یعنی "سلامتی" کے لفظ کو بار بار دہرایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کی کلیتا مخالفت کرتا ہے اور نہ ہی دہشت گردی یا شدت پسندی کی اسلام میں کوئی جگہ ہے۔ کیونکہ اسلام پیار و محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے۔ جو ایک دوسرے کو برداشت، تحمل اور انسانیت کا درس دیتا ہے۔
پروگرام میں Fr Siddique Mark Sunder OP نے مختلف آلات موسیقی سے خوبصورت میوزیکل دھنیں پیش کی۔ انہوں نے Dominican کے چار طلبہ Haroon Ilyas OP, Bro. Azhar Iqbal OP, Alvin Mehraj OP اور Nasir Emmanuel OP کے ساتھ مختلف ملی نغمے بھی پیش کیے جن میں امن و محبت کا پیغام شامل تھا۔ اس حوالے سے ان نغموں کا میوزک خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا۔
اس کے بعد Basharat-e-Ibn-e-Mariam سکول کے بچوں نے خصوصی خاکہ پیش کیا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں قیام امن کو دکھایا گیا۔ ABC اور دیگر سکولوں کے طلبہ نے دنیا میں قیام امن کے لیے ایک مظاہرہ کیا، جس میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی۔ مظاہرین بچوں نے پلے کارڈز، بینرز اور پوسٹرز کے ذریعے عالمی قیام امن کا پیغام پیش کیا۔ تقریب کے تمام شرکاء نے بچوں کے اس مظاہرے کو بے حد پسند کیا۔
اس موقع پر تقریب کے تمام شرکاء کے چہرے پر خوشی کا سامان تھا۔
پروگرام کے اختتام میں ایک Peace Pole کا بھی اہتمام کیا گیا جسے Master of the Dominican Order مسٹر Fr Bruno Cadore OP نے منعقد کیا تھا۔ "پیس پول" لوگوں نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ووٹ کاسٹ کر کے اس بات کا ثبوت دیا کہ وہ دنیا میں صرف امن چاہتے ہیں۔
اس تقریب میں کمپیئرنگ کے فرائض URI کے پاکستان میں Executive secretary مسٹر Yuel Bhatti نے سر انجام دیئے تھے۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔ اس موقع پر پاکستان سمیت عالمی دنیا میں قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تبصرہ