11 اگست مینارٹی ڈے (یوم آزادی) کے موقع پر منہاج القرآن کی ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز اور پاکستان مینارٹی کونسل کے زیراہتمام سکھوں کی مذہبی عبادت گاہ گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں یوم آزادی کی پروقار مگر سادہ تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان میں مسلمانوں کی طرف سے سکھوں کی عبادت گاہ میں یہ یوم آزادی کی پہلی تقریب تھی، جس میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان سید آصف ہاشمی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے علاوہ ملک بھر میں رہنے والے تمام مذاہب کی سرکردہ شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کی۔
رانا اعجاز احمد خان سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب، پیر سید فضل شاہ متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان شرائنز کے ایڈیشنل سیکرٹری، زاہد حسین بخاری اور ڈپٹی سیکرٹری شرائنز سید فراز عباس، اظہر نذیر سلہری، کئیر ٹیکر اظہر عباس، سردار بشن سنگھ (چیئرمین مینارٹی کونسل پاکستان)، سردار شام سنگھ (صدر پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی)، ڈاکٹر منور چاند (صدر ہندو کمیونٹی پاکستان)، نوشیر ایف دستور (پارسی رہنما)، ڈاکٹر یوسف بجنوری (رہنما بہائی فیتھ)، ریورنڈ چمن سردار (مسیحی رہنما صدر ٹریسا ویلفیئر سوسائٹی)، بشپ اکبر کھوکھر، پنڈت بھگت لال اور گیانی رنجیت سنگھ بھی تقریب کے معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
پروگرام کا آغاز قرآن پاک سمیت تمام مذاہب کی مقدس کتب کی تلاوت سے ہوا۔ گوردوارہ ڈیرہ صاحب کے ہیڈ گرنتھی سردار گیانی رنجیت سنگ نے گروگرنتھ، ہندو کرشنا مندر کے پنڈت بھگت لال نے گیتا، مسیحی بشپ اکبر کھوکھر نے انجیل مقدس جبکہ علامہ حافظ محمد طاہر بغدادی منہاجین نے قرآن مجید کی تلاوت کی۔ انہوں نے سورہ فاتحہ کی تلاوت اور اس کا اردو ترجمہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بین المذاہب ہم آہنگی پر مکمل یقین رکھتا ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات بھی کر رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل بین الاقوامی سطح پر عالم انسانیت کے مابین اخوت، بھائی چارے کے قیام اور تمام مذاہب عالم کے درمیان رواداری اور ڈائیلاگ کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تقریب کے مہمان خصوصی سید آصف ہاشمی (چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان) کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
تقریب میں تمام حاضرین اور مختلف مذاہب کے راہنماؤں نے یک زبان ہو کر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا اور قومی جھنڈا لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ تقریب کے آخر میں تمام مذاہب کے قائدین نے ملکر ملک و ملت کی سلامتی اور سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ