منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے زیر اہتمام مسلم کمیونٹی کا اظہار یکجہتی کنونشن

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان نے وہ معرکہ سر کیا جسے کئے سالوں سے سر کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کی مخلص قیادت محمد انعام الحق نے صدر NPO صالح خان افغانی اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی کے تعاون سے مورخہ 05 جون 2012 کو جاپان کی مسلم کمیونٹی کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا کی خاطر ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا۔

پروگرام اپنے طے شدہ طریقے کے مطابق تمام مذہبی، سیاسی اور سماجی حلقوں کے سربراہان کی آمد سے شروع ہوا جس میں تمام احباب کو کہا گیا تھا کہ وہ اکیلے تشریف لائیں اور ایجنڈا وہیں پر دیا جائے گا، جب تمام لوگ بروقت مقامی ہوٹل میں پہنچے تو ہر کوئی حیران تھا کہ یہ کیا ہے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، علامہ محمد شکیل ثانی نے درود پاک کا ورد کرایا۔ منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے صدر محمد انعام الحق نے ہاؤس کے سامنے ایجنڈا پیش کیا۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے سورۃ الحجرات کی آیت کریمہ کی تلاوت کی اور کہا کہ آج ہم فقط اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا کی خاطر جمع ہوئے ہیں۔ ہم سب بیٹھ کر سوچیں کہ ہم ایک دوسرے سے دور کیوں ہیں؟ ہماری محبتیں کہاں چلی گئی ہیں۔ آج کا دن جاپان میں مسلم کمیونٹی کے لئے تاریخی دن ہوگا منہاج القرآن آپ سب کو اکٹھا دیکھنا چاہتی ہے۔ علامہ محمد شکیل ثانی کی بریفنگ کے بعد ہر شخصیت نے اظہار خیال کی اور مثبت تجاویز دیں اور منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن اور منہاج القرآن کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔ کئی ایک شخصیات جو کئی سالوں سے ایک دوسرے سے ناراض تھیں ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئیں، ہر آنکھ پرنم تھی، محبتوں کا سفر جاری تھا، اللہ، اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پاکستان کی عزت کی خاطر سب ایک ہوگئے۔ صدر NPO صالح خان افغانی نے کہا ہم سب کی بقا ایک ہونے میں ہے۔

جاپان کی تاریخ کا یہ عظیم الشان اجتماع تھا، عصر کی نماز با جماعت ہال میں ادا کی گی، منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے صدر محمد انعام الحق کے لئے مبارکبادیوں کا تانتا بندھ گیا، پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد شکیل ثانی نے انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ کمیونٹی کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و سلامتی کی دعا کی۔

رپورٹ: محمد اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ